Apr ۲۶, ۲۰۲۳ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر انتخابات کے موضوع پر حکومت کو للکارا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نےاپنے سیاسی حریفوں کو انتخابات کے میدان میں اترنے کا چیلنج دیتے ہوئے اُن سے استفسار کیا ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن آپ کے ساتھ ہے تو پھر وہ بقول انکے الیکشن سے کیوں فرار کر رہے ہیں۔

ایک ویڈیو لنک کے ذریعے انتخابی مہم کے آغاز اور پارٹی کے ستائسویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دوہزار اٹھارہ کے انتخابات جیتنے کے بعد سے ان پر سیلیکٹڈ ہونے کا الزام لگایا گیا۔ انہوں نے حکومت کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تو سلیکٹرز آپ کے ساتھ ہیں تو انتخابات میں میرا سامنا کریں۔

اس موقع پر عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی آئندہ یوم تاسیس سے پہلے انتخابات جیت کر ملک کو معاشی بحران سے نکال لے گی۔ قانون کی حکمرانی کو اپنا نظریہ قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں نے گزشتہ ستائس برسوں کے دوران یہی کام کیا ہے اور کرتا رہوں گا کیونکہ یہ قوموں کے لیے ایک بنانے یا توڑنے والا فلسفہ ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ تمام ممالک جو خود کو ترقی یافتہ کہتے ہیں قانون کی حکمرانی کی فہرست میں اونچے مقام پر ہیں اور جب تک پاکستان دنیا کے نقشے پر اس قسم کا مقام حاصل نہیں کر لیتا وہ موجودہ دلدل سے باہر نہیں نکل سکے گا۔ ان کا خیال تھا کہ پاکستان کا موجودہ نظام چوری پر انعام اور ایمانداری پر سزا دیتا ہے۔

ٹیگس