May ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • جماعت اسلامی پاکستان کا کراچی میں ناقص مردم شماری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جماعت اسلامی پاکستان نے کراچی میں ناقص مردم شماری کو منظم منصوبہ بندی قرار دیتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی ناقص مردم شماری کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کے احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے حصہ لیا۔ 
اس رپورٹ کے مطابق شارع فیصل پر، نرسری بس اسٹاپ کے قریب سڑک کے دونوں طرف مظاہرین نے جماعت اسلامی کے پرچم ، اعلانات اور بینر اٹھاکے ناقص مردم شماری کے خلاف مظاہرہ کیا۔ 
مظاہرین نے خبردار کیا کہ کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ سے کم گنی گئی تو شہریوں کا سخت ردعمل سامنے آئے گا۔
بتایا گیا ہے کہ کراچی میں ناقص مردم شماری کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کا احتجاجی مظاہرہ دو گھنٹے سے زیادہ مدت تک جاری رہا۔ 
مظاہرے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی، کراچی کی مردم شماری کے تعلق سے مسلم لیگ نون، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی ، تینوں اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو سخت ہدف تنقید بنایا۔ 
یاد رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کی وفاقی حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم نے الزام لگایا ہے کہ مردم شماری میں سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کو کسی غلطی کی وجہ سے نہیں بلکہ جان بوجھ کر منصوبہ بندی کے ساتھ کم دکھایا گیا ہے۔
اسی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے بھی لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں مردم شماری کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت پہلے ہی مردم شماری کو مسترد کرچکی ہے۔ 

 

ٹیگس