اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے محنت کش طبقہ شدید دباؤ میں ہے ، شہباز شریف
May ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صنعتی دارالحکومت کراچی میں یوم محنت کشاں کے مظاہروں میں مزدوروں کے لئے مناسب تنخواہ اور سماجی تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔
سحر نیوز/پاکستان: کراچی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عالمی یوم محنت کشاں پر کراچی پریس کلب کے باہر، مختلف تنظیموں کے اراکین نے مظاہرہ کرکے محنت کشوں کے استحصال کا سلسلہ بند کرنے اور انہیں سماجی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری نے بنیادی سہولیات اور سماجی تحفظ کے منصوبوں تک، پسماندہ طبقات کی رسائی کو براہ راست متاثر کیا ہے۔
کراچی میں یوم محنت کشاں کی ریلی میں کہا گیا کہ پاکستان میں سبسیڈی کے خاتمے ، کارپوریشنوں کے لئے بیل آؤٹ، کفایت شعاری کے اقدامات اور ترقی کے اخراجات میں کٹوتی نے خواتین، اقلیتوں اور غریب نیز پسماندہ طبقات کو مزید قابل رحم بنادیا ہے۔
ریلی کے شرکا کہنا تھا کہ خواتین اور صنفی اقلیتوں کو معقول ملازمت اور کمترین اجرت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔
دوسری طرف پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے محنت کشوں کے حقوق پورے کرنے کو عالمی معیشت کے لئے اہم ترین چیلنج قرار دیا ہے۔
انھوں نے یوم محنت کشاں کی مناسب سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے محنت کش طبقہ شدید دباؤ میں ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ ان کی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد ملک کے تمام طبقات پہہنچیں اور مزدوروں کے لئے خوشحالی میں تبدیل ہوں۔