الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست
الیکشن کمیشن آف پاکستان پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن انتخابات کی تاریخوں پر نظر ثانی کی درخواست دائر کردی ہے
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے کیس میں چودہ مئی کو الیکشن کے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کے لئے درخواست دائر کردی ہے
الیکشن کمیشن نے پاکستان کی عدالت عظمی سے اپنے چار اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی ہے اورموقف اختیار کیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار عدلیہ کو حاصل نہیں ہے -
الیکشن کمیشن نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ آئین بنانے والوں نے عدلیہ کو یہ حق نہیں دیا کہ وہ انتخابات کے لئے تاریخ دے۔
الیکشن کمیشن نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ پاکستان کے آئین نے اداروں کے اختیارات کو بالکل واضح کیا ہے اس لئے سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دے کر طے شدہ قانون کو تبدیل کیا اس لئے سپریم کورٹ پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کی غلطی درست کرے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں چودہ مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دے رکھا ہے اس حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان نے کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت چودہ مئی کو الیکشن کرانے کا اپنا حکم واپس نہیں لے گی۔