ہندوستان کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہونے چاہئیں ، پاکستانی وزیرخارجہ
پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ معمول کے تعلقات ہونے چاہئیں۔
سحر نیوز/پاکستان: شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر گوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہمارا شروع سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہونے چاہئیں۔
انہوں نے شانگھائی تنظیم کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی اچھی میزبانی کرنے پر ہندوستانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی موقع پر ایسا احساس نہیں ہوا کہ پاکستان اور ہندوستان کے اختلافات کی وجہ سے فورم پر اثر پڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی عوام اور میڈیا کا جو بھی موقف ہو ہم بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پپیپلزپارٹی کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہونے چاہئیں۔ پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ہندوستان کو بات چیت کے لئے ماحول کو سازگار بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے عوام، امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے۔