May ۰۶, ۲۰۲۳ ۰۷:۲۶ Asia/Tehran
  • عمران خان نے پھر عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی

پاکستان کی حکومت اور عدلیہ کے درمیان جاری کشمکش کے پیش نظر اور ملکی آئین کے دفاع کے نام پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے آج ملکی عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: گزشہ روز زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے حساس ترین موڑ سے گزر رہا ہے اور پوری قوم کو مافیا کے خلاف لڑنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق مل سکیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی آج ہفتے کی شام لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بیک وقت چار ریلیاں نکالے گی۔

اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ وہ لاہور میں زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی کی قیادت کریں گے، انہوں نے ملکی عوام سے اپیل کی کہ وہ آج شام گھروں سے نکلیں اور مقررہ مقامات پر جمع ہو کر حکمرانوں اور ان کے ہینڈلرز کو بتائیں کہ انہیں آئین کی خلاف ورزی اور شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے اب واضح کر دیا ہے کہ وہ چودہ مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانے کے لیے تیار نہیں ہے، جو کہ آئین کی سنگین خلاف ورزی ہو گی۔

سابق وزیر اعظم نے حکومت پر الزام لگایا کہ اُس نے ’جس کی لاٹھی اس کی بھینس‘ والا قانون نافذ کر رکھا ہے۔ انہوں نے عدلیہ کو پاکستانی عوام کی آخری امید قرار دیا۔

ٹیگس