پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات ضروری، صرف پنجاب میں الیکشن ملک کے خلاف سازش ہے: شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پورے پاکستان میں الیکشن ایک ہی دن میں ہونے کی بات کرتے ہوئے صرف پنجاب میں الیکشن کرانے کو ملک کے خلاف سازش قرار دیا۔
سحر نیوز/پاکستان: شہباز شریف نے لندن میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات آئین کے مطابق ایک ہی روز ہونے چاہئیں، یہ ممکن نہیں ہے کہ صوبوں میں انتخابات مختلف تاریخوں پر ہوں، اس سے انتخابی نتائج پر اثر پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہیے، ماضی کی دہائیوں میں پنجاب کے حوالے سے جو غلط تاثر قائم کیا جارہا تھا وہ بہت حد تک زائل ہوچکا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو حاصل قانون سازی کا حق چھینا نہیں جا سکتا کیونکہ یہ قانون سازادارے کا آئینی اور قانونی حق ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر نااہل کیا گیا اور ایک سازش کے ذریعے دوہزار اٹھارہ میں بقول انکے عمران نیازی کو ملک پر مسلط کیا گیا۔