May ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۲:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان گرفتار

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اب سے تھوڑی دیر قبل گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے نیب کے کہنے پر القادر ٹرسٹ کیس میں انہیں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

القادر یونیورسٹی کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے نیب انکوائری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

انہوں نے درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب راولپنڈی کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی مخالفین نے بے بنیاد الزامات پر نیب تحقیقات کا آغاز کیا، عدالت نیب کی انکوائری کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم کو رینجرز نے احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا۔

عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے پہنچے تھے جہاں سے رینجرز نے ان کو حراست میں لے لیا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پر رینجرزنے قبضہ کر لیا ہے، وکلا کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان کی گاڑی کے گرد گھیرا ڈال لیا گیا ہے۔

ان کی گرفتاری آج ایسے میں ہوئی کہ جب آج اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تمام 7 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔

دورانِ سماعت جج نے سوال کیا کہ کتنی ضمانت کی درخواستیں ہیں؟

عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ ضمانت کی 7 درخواستیں ہیں، ہمارا دیر سے آنے کا ارادہ نہیں تھا، ہمیں جوڈیشل کمپلیکس آنے نہیں دیا گیا، اس لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے درخواستِ ضمانت دائر کی۔

وکیل نے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیشی کے لیے 2 ہفتوں کی تاریخ دے دیں، انہیں شاملِ تفتیش ہونا ہے۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 23 مئی تک عمران خان کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔

ٹیگس