May ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن چیلنج

پاکستان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے آڈیو لیکس کے تحقیقاتی کمیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر کی گئی عمران خان کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی اجازت کے بغیر کسی جج کو کسی کمیشن کےلئے نامزد نہیں کیا جا سکتا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے کسی جج کے خلاف تحقیقات یا کارروائی کا فورم سپریم جودیشیل کونسل ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لئے جوڈیشیل کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔آڈیو لیکس جوڈیشیل تحقیقاتی کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں ایسی حالت میں یہ درخواست دائر کی گئی ہے کہ جب جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں قائم کئے جانے والے جوڈیشیل کمیشن نے کام شروع کر دیا ہے اور کمیشن کی کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس معاملے کی تحقیقات کے لئے جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی جوڈیشیل کمیشن تشکیل دیا ہے۔ اس کمیشن میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوجستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان شامل ہیں۔

ٹیگس