May ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ وفاقی وزیر داخلہ کا اپوزیشن جماعت پر الزام، پی ٹی آئی اداروں کو بدنام کرنے کے لئے ڈرامہ کر رہی ہے

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ملک کی سب سےبڑی اپوزیشن پارٹی پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بدنام کرنے کی منظم سازش کر رہی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے، جو پی ٹی آئی کے رہنما کے گھر پر فرضی چھاپے سے متعلق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گفتگو میں دوسرا ڈرامہ یہ تھا کہ ریپ ایکٹ کرکے اس کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگایا جائے اور معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ منصوبہ بنایا گیا تھا کہ کسی پی ٹی آئی رہنما کے گھر چھاپے کے دوران فائرنگ بھی ہو۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی پر نشانہ سادھا اور "عمرانی فتنے" کا لفظ استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کا مقصد لوگوں کو گمراہ کرنا تھا۔ رانا ثناء اللہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ ڈرامہ گزشتہ شب کیے جانے کا امکان تھا لیکن ایجنسیوں نے بروقت اقدام کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ انکی حریف اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا بھی حکومتی اتحاد پر یہی الزام ہے کہ وہ انکی جماعت کو سیاسی منظر نامے سے حذف کرنے کے لئے منصبوبہ بند طریقے سے اُس کے خلاف سازشیں کرنے اور اُسے بہت سے رونما ہونے والے تلخ واقعات میں پلیننگ کے تحت مورد الزام ٹھہرانے میں سرگرم عمل ہے۔

ٹیگس