لکی مروت میں دہشت گردوں کے ساتھ لڑائی میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق
لکی مروت کے علاقے شہبازخیل میں ایک پولیس اہلکار اور نامعلوم افراد کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنوں ڈی آئی خان انڈس ہائے وے پر مقامی شہباز خیل پولیس کو 6 مسلح دہشت گردوں کی تین موٹرسائیکلوں پر گھومنے کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے درہ پیزو کی سمت سے آنے والے نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل زکریا جاں بحق ہو گیا جب کہ دہشت گرد ایک موٹرسائیکل چھوڑ کر قریبی جنگل میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
یاد رہے کہ لکی مروت اور اس کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں نے پولیس کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے اور اس علاقے میں اب تک درجنوں، پولیس مخالف دہشت گردانہ کاروائیاں ہو چکی ہیں۔