Jun ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  • شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی، تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ستائیس جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی اور پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور کے، تین الگ الگ تھانوں میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں ۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے ۔ الیکشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگرآئین کے مطابق چلنا ہے تو الیکشن کرانے پڑیں گے۔

گذشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں عوام کو کوئی سہولت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن اس کے لئے پیسے کہاں سے آئیں گے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو چھے جون کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا انہیں لاہور ہائیکورٹ کی راولپنڈی بینچ نے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

ٹیگس