Jun ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۲:۰۹ Asia/Tehran
  • پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب

پاکستان کے صنعتی شہر کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ڈپٹی میئر کا تاج بھی پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ کے سر سج گیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلہ ہوا، شو آف ہینڈز کے ذریعے ووٹنگ کی گئی۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لیکر میئر کراچی منتخب ہوئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم نے 161 ووٹ حاصل کئے ہیں ۔ جبکہ ڈپٹی میئر کا تاج بھی پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ کے سر سج گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی ہے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہوگئی، اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع اور انٹری رجسٹر کے مطابق کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے سلسلے میں 366 میں سے 333 اراکین پولنگ سٹیشن آرٹس کونسل پہنچے ہیں، جبکہ 33 اراکین غیر حاضر رہے۔

پی ٹی آئی کے فردوس شمیم سمیت تین ارکان کو بکتر بند میں لایا گیا۔

تحریک انصاف نے حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان کیا تاہم ان کے منتخب نمائندوں پر مخالف امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے دباؤ ڈالنے کے الزامات لگائے گئے۔

سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر 9 مئی واقعے کے تناظر میں گرفتار تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ سٹیشن لایا گیا۔

پی ٹی آئی امیدواروں سے ووٹ دینے کیلئے دباؤ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

ٹیگس