Jun ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور آذربائیجان کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور آذربائیجان نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جو آذربائیجان کے دورے پر ہیں آذربائیجان کے صدر الہام علی اف سے ملاقات کی ۔ ان کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے توانائی، زراعت، دفاع، سرمایہ کاری اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ یہ بھی طے پایا کہ آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اس کے ساتھ تعاون کرےگا۔

آذربائیجان سے پاکستان کو رعایتی ایل این جی کارگو کی فراہمی اگلے مہینے سے شروع ہو جائے گی۔ آذربائیجان شمسی توانائی کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا اس کے علاوہ دونوں ملکوں نے دفاع کے شعبے میں بھی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الہام علی اف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کی ایئر لائن اسلام آباد اور کراچی کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آذربائیجان کو چاول کی برآمد میں اضافہ چاہتے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک پہلے ہی پاکستان سے درآمدی چاول پر امپورٹ ڈیوٹی سے استثنی دے چکا ہے۔

ٹیگس