پاکستان اور روس کے درمیان درآمدات و برآمدات میں اضافہ
پاکستان میں امریکی اثر و رسوخ کے کمزور پڑ جانے اور روس کے ساتھ اُس کی بڑھتی قربت کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان درآمدات و برآمدات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق روس نے درآمدات کے لیے پندرہ سے زائد پاکستانی کمپنیز کا رجسٹریشن کیا ہے۔ پاکستان کی وفاقی وزارت تحفظ خوارک و تحقیق نے ایک بیان میں بتایا کہ پاکستان کی، برآمدات بڑھانے اور مجموعی معاشی صورتحال بہتر کرنے کی طرف ایک کامیاب پیش رفت ہے۔
بیان میں آیا ہے کہ کیڑوں کی وجہ سے روس نے پاکستان سے چاولوں کی درآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی، تاہم اس نے دوہزار اکیس میں پابندی ختم کردی تھی اور معیار پر پورا اترنے والی صرف چار کمپنیوں سے درآمدات کی اجازت دی تھی۔
یہ بھی دیکھیئے: پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ پر روسی وزیر خارجہ کا تہنیتی پیغام (ویڈیو)
ڈی پی پی نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے چاول کی برآمدات کے لیے سینیٹری اور فائٹو سینیٹری کی ضروریات پورا کرنے کے لیے روس کی رہنمائی دستاویز کے مطابق مزید پندرہ ملوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
بیان کے مطابق اب انیس کمپنیاں روس کو چاول برآمد کریں گی، یہ خاص طور پر پنجاب اور سندھ کے چاولوں کے کاشتکاروں کے لیے اچھی خبر ہے کیونکہ یہ ان کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں روس سے پاکستان کی تیل کی برآمدات کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے تحت اُس کے سستی قیمت والے خام تیل کا حامل پہلا بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا۔