Jun ۱۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ پر روسی وزیر خارجہ کا تہنیتی پیغام (ویڈیو)

روس کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ پر پاکستانی عوام کے نام مبارکباد پر مبنی ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے پاکستانی قوم کو دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کیساتھ وعدوں سے کبھی دستبردار نہیں ہوا۔

انہوں نے ماسکو اسلام باد کے تعلقات کی پچھترہویں سالگرہ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستانی عوام روس اور صدر ولادیمیر پوتین کے تئیں کتنی دلچسپی اور احترام رکھتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے تعلقات مختلف ادوار سے گزرے ہیں تاہم روس نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے میں دلچسپی لی ہے، اور کسی بھی صورت میں اپنے وعدوں سے دستبردار نہیں ہوا۔

انہوں نے 1980 کی دہائی میں افغانستان میں جاری تنازعے کے باوجود کراچی میں سب سے بڑی اسٹیل مل کی تعمیر میں سوویت ماہرین کی شرکت کو آپسی گہری دوستی کا ثبوت قرار دیا۔ سرگئی لاوروف نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو ترقی یافتہ اور اعتماد پر مبنی بتایا۔

روس کے وزیر خارجہ نے پاکستانی قوم سےخصوصی ویڈیو خطاب میں اردو میں پاکستان روس دوستی زندہ بادکا نعرہ بھی لگایا۔

ٹیگس