Jul ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

یہ واقعہ ضلع شیرانی میں تین چوکیوں پر بیک وقت حملوں میں چار سکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے چند گھنٹے بعد پیش آیا۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بارودی سرنگ نصب کرنے کے علاوہ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔ دو جولائی کو دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کے حوالے سے مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر جنرل ایریا بلور میں سیکیورٹی فورسز نے گشت شروع کیا۔

دہشت گردوں کے فرار ہونے کے راستوں کو بند کرنے کے لیے ناکہ بندیوں کا عمل جاری تھا۔ اس دوران دہشت گردوں کے ایک گروہ نے گشت کے دوران گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقرعلی جاں بحق ہو گئے جبکہ فائرنگ سے ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اس واقعے سے کئی گھنٹے قبل بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اور پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔

ٹیگس