پاکستان: سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، کالعدم تنظیموں کے 7 دہشت گرد گرفتار
Jul ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۴ Asia/Tehran
سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے وابستہ 7 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کے مطابق ساہیوال، بہاول پور اور گوجرانوالہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔ اس دوران کالعدم تنظیموں القاعدہ اور ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹو نیٹر، موبائل فون، اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی۔ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے139 کومبنگ آپریشنز کے دوران 18 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہے۔