عمران خان گرفتار، 3 سال قید کی سزا، 5 سال کیلئے نا اہل قرار
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ جبکہ 5 سال کیلئے عمران خان کو نا اہل قرار دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان : توشہ خانہ کارروائی کیس کی سماعت تین مرتبہ وقفے کے بعد شروع ہوئی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پہنچے اور بتایا کہ میں گزارشات کرنا چاہتا ہوں۔ ہمیں ہائی کورٹ میں داخلے سے روکا گیا، ہم آپ کی عدالت منتقلی کی درخواست دائر کررہے ہیں۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف الزام ثابت ہوگیا ہے۔ ملزم نے جھوٹا بیان جمع کروایا، ملزم نے جھوٹی ڈیکلریشن دی، ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا بیان حلفی دیا۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب قرار دے دیا ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بددیانتی ثابت ہو گئی ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو تین سال قید کا حکم سناتے ہوئے ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائے۔ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے فیصلے کے بعد احاطہ عدالت میں ن لیگ کے حامی وکلا کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل کرنے والے جج ہمایوں دلاور کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور کی سکیورٹی کے پولیس اسکواڈ کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ دو پولیس اسکواڈ تعینات کردیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم بھی چلائی گئی تھی۔