علی مردان خان ڈومکی بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے علی مردان خان ڈومکی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: گورنر بلوچستان کے تعلقات عامہ کے افسر پائند خان خروٹی کے مطابق گورنر ملک عبدالولی کاکڑ نے یہ منظوری پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر دی جب کہ وزیر اعلیٰ کی حلف برداری بھی جلد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رات گئے تک بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تھا کیونکہ وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے تین اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
پارلیمانی کمیٹی کے پاس اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے آج آخری دن تھا، ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد یہ معاملہ ہفتہ کو الیکشن کمیشن کو بھیجنا پڑتا۔
بلوچستان اسمبلی 12 اگست کو تحلیل ہوئی تھی، جس کے بعد عبدالقدوس بزنجو اور سابق قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان کے پاس نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے کے لیے تین دن کا وقت تھا۔