Aug ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۶:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے سلسلے میں آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف عوامی احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے بجلی کے نرخوں کے کے سلسلے میں آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ہفتہ کو پاکستان کے نگراں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں بجلی کے نرخوں اور صارفین کے بلوں کے بارے میں ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزارت توانائی اور تقسیم کار کمپنیوں کو اس سلسلے میں تفصیلی بریفنگ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بلوں کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے۔ کراچی، حیدرآباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا بھی دیا۔

اطلاعات کے مطابق وکلا اور تاجرین بھی احتجاج میں شامل ہوگئے ہیں۔ مظاہرے میں تاجر اور وکلاء بھی شامل ہوگئے ہیں۔ کئی شہروں میں مشتعل مظاہرین نے سڑکیں بھی بند کر دیں اور بجلی کے بل نذر آتش کئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام طاقتور طبقات بجلی چوری کر رہے ہیں، ان سے کوئی کچھ کہنے والا نہیں ہے۔

 

ٹیگس