پاکستان میں نگراں حکومت نے بجلی بلوں میں ریلیف فراہم کرنا ناممکن قرار دے دیا
پاکستان میں نگراں حکومت نے آئی ایم ایف معاہدوں کے دباؤ کے تحت بجلی بلوں میں کمی یا ریلیف فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نگراں حکومت کی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے بجلی کے بلوں پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ساری امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنی امید و توقعات پر قابو پائیں کیونکہ ملکی معاشی صورتحال کسی سبسڈی اور ریلیف فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے رہی۔
انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ اس موضوع پر مذاکرات ناکام ہونے کے حوالے سے کہا کہ ہمارے آنے سے پہلے ان معاملات پر اتفاق رائے ہوچکا تھا اور یہ شرائط تو کئی دہائیوں سے جاری ہیں، ہم کیسے دہائیوں پر مشتمل پالیسوں کو تبدیل کر سکتے ہیں۔
سینٹ کی فنانس اور ریونیو سٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو یقین دلایا ہے کہ وہ گزشتہ حکومت کے تحت کئے گئے معاہدوں کی پاسداری کریں گے۔