پاکستان: عمران خان اداروں اور سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کے لئے تیار
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی عمران خان اداروں اور سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: آج لیگل ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہر علی اور شعیب شاہین نے سابق پاکستانی وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کی۔
بیرسٹر گوہر علی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ اس سب کچھ کے باوجود اداروں اور سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔ گوہر علی کا کہنا تھا کہ دوران گفتگو عمران خان نے کہا کہ مجھے جیل میں ناجائز طور پر ڈالا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا محور "90 دن میں الیکشن کیسے ہوں؟" ہوگا۔
شعیب شاہین نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تندرست اور مکمل فٹ ہیں، وہ جیل میں روزانہ ایک گھنٹہ ورزش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی بھی ڈیل کے تاثر کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ ملک میں عدالتوں کا احترام نہیں، سیاسی استحکام آنے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔