Sep ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق چودھری پرویزالہٰی کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج نے کی۔ اس سے پہلے پرویز الہٰی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر پولیس نے پرویز الہٰی کو مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی۔ سماعت کے دوران پرویزالہٰی کے وکیل نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الہٰی کو ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے سے روک دیا تھا پھر انہيں گرفتار کیا گیا اور اس کیس کا کوئي ثبوت موجود نہيں ہے۔

آج کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے پرویزالہٰی کو چودہ روز کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور حکم دیا کہ پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات فراہم کی جائيں۔ اس درمیان انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گیارہ ستمبر کے لئے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔

ٹیگس