Sep ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۵۰ Asia/Tehran
  • مریم اورنگزیب نے عارف علوی سے ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ مانگ لی

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ مانگ لی۔

سحرنیوز/پاکستان: ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی صدارتی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عارف علوی اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکریٹریٹ منتقل ہوجائیں، یہ صرف ملک میں معاشی، سیاسی اور آئینی بحران چاہتے ہیں۔
ن لیگ کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ 4 سال معیشت تباہ، ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کا کٹھ پتلی نیا آئینی بحران پیدا کرنے پر تلا ہے، اس کا انہیں کوئی اختیار ہے نہ سیاسی و اخلاقی جواز حاصل ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ 16ماہ کے معاشی استحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں، یہ خارجی پالیسی کے استحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ امن اور استحکام جیل میں بیٹھے معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں، عوام کی ترقی، روزی، روٹی کے دشمن آج کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود غرض سازشی موقع ملتے ہی ملک اور عوام پر ایک نیا وار کرتے ہیں، یہ ملک میں افراتفری، ٹکراؤ اور گند ڈالنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔
ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ آئینی منصب کی آڑ میں ایک اور 9 مئی کی تیاری دکھائی دے رہی ہے، ملک میں افراتفری اور فساد کی یہ سازش بھی ناکام ہو گی۔

ٹیگس