مشرقی اور مغربی سرحدوں پر صورت حال خطرناک ضرور ہے لیکن انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے, انوارالحق کاکڑ
پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر صورت حال خطرناک ضرور ہے لیکن انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحد پر صورت حال خطرناک ضرور ہے لیکن ان خطرات پر قابو پالیں گے اوریہ کہ انتخابات بر وقت پر ہوں گے۔
انتخابات سے متعلق بعض افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مینڈیٹ ہے اور الیکشن کمیشن نے اس حوالہ سے بعض اقدامات بھی کئے ہیں، ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس عمل کو ایمانداری سے مکمل کریگا۔ انہوں نے ملک میں جمہوری عمل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی عمل کو بغیر کسی رکاوٹ کے اوراحسن اندازمیں آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہے اور آزادی اظہاررائے کے حوالہ سے ہمارے اشارئیے خطہ میں بہت بہتر ہیں، ملک میں میڈیا کو آزادی ہے، میڈیا حکومت، اس کے اداروں یا معاشی امورکے حوالے سے کسی بھی مسئلے پر آواز اٹھا سکتا ہے یا نشر کر سکتا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قانونی مقدمات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں نگراں وزیراعظم نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ سابق وزیراعظم کو سیاست سے دور رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔