Sep ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے خلاف کینیڈا کے الزامات پر پاکستان کو تعجب نہیں

پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی نے کہا ہے کہ کینیڈا میں ایک علیحدگی پسند سکھ رہنما کے قتل میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے بیان پر حیرانی نہیں ہے اور دنیا کو ہندوستان کے ہتھکنڈوں کا احساس ہونا چاہیے جس سے وہ ’ایک ناگزیر اتحادی‘ سمجھتا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے مشن میں پریس بریفنگ کے دوران یہ باتیں کہیں۔

پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی کی فطرت سے واقف ہیں، ہم جانتے ہیں کہ وہ کیا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لہٰذا یہ ہمارے لیے کوئی تعجب کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سرزمین پر بحریہ کے انٹیلی جنس افسر کو پکڑا، وہ ہماری حراست میں ہے اور اس نے اعتراف کیا کہ وہ یہاں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے آیا تھا۔

خیال رہے کہ کینیڈا کا یہ الزام جون میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نیجر کے قتل کے حوالے سے ہے، تاہم گزشتہ روز اوٹاوا نے اس معاملے پر ہندوستان کے اعلیٰ انٹیلی جنس ایجنٹ کو ملک بدر کر دیا تھا۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی نے کہا کہ کینیڈین وزیر اعظم کے الزام میں کچھ سچائی ضرور ہے، اسی لیے انہوں نے یہ الزام لگایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صورت حال میں پیش رفت ہو رہی ہے، لیکن اپنے تجربے کو دیکھتے ہوئے، ہم حیران نہیں ہیں۔

ٹیگس