Oct ۱۱, ۲۰۲۳ ۰۶:۳۵ Asia/Tehran
  • ورلڈ کپ، پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی

آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان نے 345 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کرکے مسلسل دوسرا میچ جیت لیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف پاکستان نے محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 48.2 اوورز میں پورا کرلیا۔ محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کیخلاف پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کُن انداز میں ہوا تھا تاہم دو وکٹیں جلدی گرنے کے بعد عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 16 اور دوسری 37 رنز پر گری۔ اوپنر امام الحق 12 اور کپتان بابراعظم 10 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
بعد ازاں عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کے مابین تیسری وکٹ پر 178 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عبداللہ شفیق 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ یہ انکی ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی سنچری تھی۔

45 ویں اوور میں 308 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 31 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد افتخار احمد بیٹنگ کیلئے آئے۔ وہ 10 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے۔

ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ اس سے قبل پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں سب سے بڑا اسکور 336 رنز تھا۔ 

دوسری وکٹ پر پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے 102 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم نسانکا 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کوشل مینڈس 14 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 122 کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ٹیگس