Oct ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے: پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں

پاکستان کے مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے غاصب صیہونی حکومت کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے شہر حیدر آباد میں فلسطین یکجہتی ریلی سے خطاب میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ فلسطین میں معصوم بچے، خواتین سب غاصب صیہونی حکومت کے ظلم کا شکار ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صیہونی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، ان کے معاشی مفادات پر ضرب لگنی چاہیے۔

پاکستان کے سیاسی و مذھبی رہنماؤں نے کہا کہ جنگ میں بھی اسپتالوں پر بم نہیں گرائے جاتے لیکن فلسطین میں گرائے جا رہے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا کہ روزانہ فلسطین میں شہادتیں ہو رہی ہیں اور وہ ستّر سال سے اس ظلم کا شکار ہیں لیکن اس بار واویلا اس لیے مچایا جا رہا ہے کہ پہلی بار اسرائیلی بھی بڑی تعداد میں  ہلاک ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر انسانی حقوق کے علمبردار ادارے اور تنظیمیں اپنا کردار ادا نہیں کرتیں تو یاد رکھیں کہ شہید ہونے والے بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

واضح رہے کہ اس ریلی میں جے یو آئی ف، مسلم لیگ ف، اے این پی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ، سنی تحریک، شیعہ علماء کونسل اور مرکزی جمعیت اہلحدیث سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنوں نے شرکت کی۔

ٹیگس