عمران خان کی جان کو خطرہ؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ہمیں سابق وزیراعظم والی سہولتیں نہیں دی جا رہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل آفتاب باجوہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے سلو پوائزننگ ہو رہی ہے، ہم درخواست کریں گے ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا معائنہ کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا مجھے گھر کا کھانا نہیں دیا جا رہا، ہمیں اوپن فارم میں ملاقات کرائی جائے، عدالتی حکم کے باوجود ہماری ملاقات بند کمرے میں کرائی گئی۔
پی ٹی آئی چیرمین نے کہا ہمیں سابق وزیراعظم والی سہولتیں نہیں دی جا رہیں، چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
آفتاب باجوہ نے کہا کہ سائفر سے متعلق دستاویزات نہیں دی گئیں، تمام دستاویزات فائلز میں ہیں، عدالت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ سائفر کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔