انتخابات کے تعلق سے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے: سپریم کورٹ
سپریم کورٹ آف پاکستان نے انتخابات کے تعلق سے لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پاکستان سپریم کورٹ نے فیصلہ گزشتہ روز محفوظ کرلیا تھا جس کو آج سنایا گیا۔
پاکستان سپریم کورٹ نے چھے صفحات پرمشتمل اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے ۔ پاکستان سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بیک جنبش قلم ، انتخابی عمل کو ڈی ریل کردیا۔
پاکستان سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکمنامے میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے غیر قانونی حکم کو منظوری دیتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا گیا۔
پاکستان سپریم کورٹ نے اسی کے ساتھ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار بیرسٹر عمیر نیازی کو آرٹیکل دو سو چار اور توہین عدالت آرڈینینس کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے ، اس سلسلے میں ان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
پاکستان سپریم کورٹ نے عمیر نیازی سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بیوروکریٹ افسران کی بطور ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران تعیناتی کا حکم امتناعی جاری کردیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مذکورہ افسران کی ٹریننگ روک دی تھی اور آٹھ فروری کو عام انتخابات کے انعقاد پر خطرے کے بادل منڈلا نے لگے تھے۔
پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو عدالت عظمی میں چیلنج کیا تھا۔