پاکستان میں الیکشن کی مہم کا آج آخری روز
پورے پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔
سحر نیوز/ پاکستان : آٹھ فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمپین کا آج آخری روز ہے، رات 12 بجے تک تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار ووٹرز کو مائل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابات کیلئے 7 لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کر لیا جبکہ ووٹنگ کیلئے 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، ہر پولنگ بوتھ پر دو بیلٹ باکس رکھے جائیں گے، ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ ہوں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اہم ذمہ داری کی تکمیل کی- بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا ہے، چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔