Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۷:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لئے پولنگ کا آغاز

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کیلئے میدان سج گیا، ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوگیا۔

سحرنیوز/ پاکستان: پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہوگا۔

پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں، امن و امان کیلئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔

قومی اسمبلی کی 265 اور صوبائی اسمبلیوں کی 591 نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی کے امیدواروں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 254 ہے-

اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں-

پورے پاکستان میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کا کہنا ہے کہ امید ہے انتخابات کا عمل بخیر و عافیت مکمل ہوگا۔ سکندر سلطان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے، سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے۔

 

ٹیگس