Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • انتخابات کے موقع پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کرنے پر سیاسی جماعتوں کی برہمی

پولنگ کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کرنے کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے پربعض سیاسی جماعتوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے-

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروسز کو فوری طور پر بحال کیا جانا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ان کی پارٹی نے موبائل فون سروسز کے لیے الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے-

ادھر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ موبائل فون سروسز بند کردی گئی ہے، یہ بد ترین صورت حال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیوں، چوکیداروں اور ڈرائیوروں کو پریزائڈنگ افسران بنادیا گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ مختلف جگہوں سے خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ عملہ رکشے میں سامان لے کر پہنچ رہا ہے، اکثر مقامات پر سامان موجود ہے لیکن عملہ موجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن بتائے کہ الیکشن کے نام پر کیا مذاق کیا جارہا ہے؟

انٹرنیٹ مانیٹر نیٹ بلاکس نے بھی کہا ہے کہ موجودہ وقت کے ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ موبائل فون نیٹ ورک میں تعطل کے علاوہ پاکستان کے متعدد علاقوں میں اس وقت انٹرنیٹ کا بلیک آؤٹ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ اور موبائل سرو‎س کی جزوی بندش سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کی گئی ہے، اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آگيا تو ذمہ دار کون ہوگا؟

ٹیگس