وزیر اعظم کاکڑ: موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش، سیکورٹی خدشات کی بنا پر کی گئی ہے۔
پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر ہے اس لیے بہت سی جگہوں پر سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلے کو کسی غلط نظریے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
سحر نیوز/ پاکستان : میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ دارالحکومت اسلام آباد کے ایک پولنگ اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے الیکشن عمل کا جائزہ لیا اور ووٹرز سے انتظامات پر بات چیت کی۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات ابھی تک تو پُر امن ہیں، کوشش کریں شہری اپنے حق کو استعمال کریں۔
پاکستان کے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ٹرن آؤٹ کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہو گا لیکن امید ہے سب بہتر ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں آج عام انتخابات کی پولنگ کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کرنے کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے پربعض سیاسی جماعتوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے-