پاکستان میں حکومت سازی کے لئے جوڑتوڑ کا سلسلہ جاری
پاکستان کے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے-
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے عام انتخابات میں آزاد امیدواروں کی کامیابی کے بعد تحریک انصاف کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
اس اجلاس میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، علی محمد اور دیگر شریک ہوں گے۔ اجلاس میں آئندہ وفاقی اور صوبائی حکومت بنانے سے متعلق بات ہوگی۔
تحریک انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد پر بھی غور ہوگا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024ء کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 99 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا اسمبلی کے الیکشن میں 90 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، دونوں جماعتوں نے مل کر ساتھ چلنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے حکومت سازی کےلیے رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی کے نمبر گیم پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان آزاد ارکان سے رابطے کرنے کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی، مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات کے دروان وزیراعظم کون ہوگا، اس پر ابھی بات نہیں ہوئی، وزیراعظم کے ایجنڈے پر نمبر گیم پورا ہونے کے بعد بات ہوگی۔