پاکستان میں حکومت سازی کے لئے جوڑ توڑ، پی ٹی آئی کے وفد اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کی ملاقات (ویڈیو)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کا اپنی رہائش گاہ آمد پر خیر مقدم کیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے وفد کی قیادت اسد قیصر نے کی جبکہ دیگر ارکان میں بیرسٹر سیف، عامر ڈوگر، عمیر نیازی اور فضل احمد خان شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر تحفظات کا اظہاربھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا اور انتخابات میں دھاندلی کےخلاف ساتھ چلنے کی دعوت دی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں بدترین دھاندلی ہوئی جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں بھی انتخابات پر تحفظات ہیں۔ اس دوران اسد قیصر نے سربراہ جے یو آئی سے حکومت یا اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی خواہش کا اظہار کیا اور وزیر اعظم کے امیدوار عمر ایوب کی حمایت کرنے کی بھی درخواست کی۔