پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل؟ پی ٹی آئی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی: عمر ایوب کا دعوی
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مل کر ملک کو معاشی اور سیاسی بحران سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی نےمرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کا دعوی کیا ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان: ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں حکومت سازی کے معاملات آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں، صدر مملکت اور اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے پیپلز پارٹی کو ملیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ بلوچستان میں مل کر حکومت بنائیں گی، وزیرِ اعلیٰ پیپلز پارٹی کا ہو گا۔
پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی کابینہ کا حصہ بنے گی، 2 یا 3 وزارتیں ملنے کا امکان ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ اور چاروں گورنرز کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے وزیراعظم عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کر کے اعتماد کیا، پاکستان تحریک انصاف کو تاریخی مینڈیٹ اور تین کروڑ ووٹ ملے، ہماری 180 سیٹیں ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے ان کے نوٹیفیکیشن جاری کئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائے گی، تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، ہمیں پتہ ہے کہ ہاؤس کے اندر اکثریت کیسے ثابت کرنی ہے۔