عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی، جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کی توہین عدالت کی درخواست
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر مجلس وحدت المسلمین نے جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی کا فیصلہ محکمۂ داخلہ پنجاب نے کیا، ان سے ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہو گا۔
قبل ازیں پولیس نے میڈیا کو بھی بانی پی ٹی آئی کی کوریج سے روک دیا۔ میڈیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی کوریج کرتا ہے تاہم پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیریئر لگا دیے۔
درایں اثنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر مجلس وحدت المسلمین نے سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف وحدت المسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ عدالتی آرڈر کے ساتھ اڈیالہ جیل گئے مگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی جیل حکام کو آٹھ مارچ کا آرڈر دکھایا تو انہوں نے انتظار کرنے کا کہا۔
علامہ راجہ ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی لیکن ملنے نہ دیا گیا، جیل انتظامیہ ٹال مٹول سے کام لیتی رہی۔ جنگل میں بھی کوئی قانون ہوتا ہے فارم اچانک اپلوڈ کرنے کے بعد ہٹا لیے گئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر آئینی حکمراں ظلم و جبر کی بدترین مثال قائم کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پرامن احتجاج میں شریک قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی کاوشوں کے نتیجے میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا ڈے منانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ 23 مارچ کو یومِ پاکستان بھی بھرپور جوش وجذبے سےمنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔