Mar ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • سینیٹ کے امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے جانے پر پی ٹی آئی کا رد عمل

پاکستان میں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی رکنیت کے لئے تین اہم امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور بے بنیاد وجوہات کی بنیاد پر ہمارے سینیٹ کے امیدواران کے کاغذات مسترد کیے گئے۔

سینیٹ انتخابات کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات مسترد ہونے پر ردعمل میں انہوں ںے کہا ہے کہ سینیٹ کی نشستوں کے لیے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنا افسوس ناک عمل ہے ۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ زلفی بخاری، مراد سعید، اعظم سواتی کو اس ڈر سے باہر کیا جارہا ہے کیوں کہ یہ سینیٹ میں عوام کی نمائندگی حقیقی انداز میں کریں گے، ارباب اختیار، ارباب اقتدار اور فیصلہ سازوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عوام کو ان کی نمائندگی کے حق سے محروم نہ کریں۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی خالی نشستوں کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں ، مراد سعید اور اعظم سواتی نیز پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے رہنما محمود خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق پاکستان الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبرپختون خوا سے سینیٹ کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جس میں مذکورہ تینوں رہنماؤں کے نام نہیں ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لئےصوبہ خیبر پختون خوا سے مجموعی طور پر تیس امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے ہیں۔

صوبہ خیبر پختون خوا سے سینیٹ کے لئے الیکشن کمیش آف پاکستان نے امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے، اس میں سولہ امیدواروں نے جنرل نشستوں کے لئے، آٹھ نے ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشستوں کے لئے اور چھے نے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ٹیگس