Apr ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • پاکستان، امریکی پابندیوں کو اہمیت نہيں دیتا اور قومی مفادات کے لئے جو اہم ہوگا وہی کرے گا: اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد امریکی پابندیوں کو اہمیت نہیں دیتا اور ہم وہی کريں گے جو قومی مفادات کے لئے ضروری ہوگا-

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان بہت زیادہ اہمیت کا حامل تھا اور حکومت جلد ہی اپوزيشن کو اس دورے کے نتائج اور تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔

انہوں نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے بارے میں بھی کہا کہ ہمیں کچھ چھپانے کی ضرورت نہيں ہے اور اگر دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ غلط فہمیوں کا ازالہ نہ ہوتا تو ایران کے صدر پاکستان کا دورہ کیوں انجام دیتے؟

انہوں نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے اختتام پر ایران و پاکستان کے مشترکہ بیان میں اگر گیس پائپ لائن کا ذکر نہيں ہے تو یہ کوئی مسئلہ نہيں ہے ، اہم بات یہ ہے کہ ہم امریکی پابندیوں کو اہمیت نہيں دیتے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان، امریکی پابندیوں کو اہمیت نہيں دیتا اور قومی مفادات کے لئے جو اہم ہوگا وہی کرے گا۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیر دفاع نے بھی ایرانی صدر کے دورہ اسلام آباد کو بہت اہم اور کامیاب قرار دیتے ہوئے تاکید کی تھی کہ ہم تہران کے ساتھ گیس کے مشترکہ منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ٹیگس