May ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان، کشمیر کے حالات ہوئے خراب، حکام حرکت میں

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوارالحق سے رابطہ کر کے انہیں بھی اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے معاملے کے حل ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں پر زور دیتا ہوں مطالبات کے حل کے لیے پرامن طریقہ کار کا سہارا لیں۔

 انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعاً برداشت نہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افراتفری کی صورتحال میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔

شہباز شریف  نے کہا کہ ڈائیلاگ ، بحث و مباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، امید ہے کہ  معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

دوسری جانب صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کشمیر کی صورت حال پر آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو معاملے کے حل کے لیے تجاویز لانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 10 مئی سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔

 

ٹیگس