پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
حکومت پاکستان نے ملک میں پیٹرول کی قیمت میں قیمت میں 10 روپے سے زائد کمی کا اعلان کردیا۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا گيا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 258.16 روپے مقرر ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 267.89 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 10روپے69 پیسے کی کمی سے اتفاق کرلیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس فیصلے سے صنعتی اور زرعی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔