اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس ہوئی نافذ، درجنوں گرفتار
جماعت اسلامی پاکستان کے دھرنے اور پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کر دیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈيا کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کے بعد ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستے کنٹینر لگاکر بند کردیے گئے جبکہ جماعت اسلامی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکسپریس چوک سے جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کر دیا گیا ہے، دھرنے کے لیے پہنچنے والے قافلے سے پانچ کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینر سے نہیں روکا جا سکتا، ہم پُرامن رہنا چاہتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ دھرنے کےلئے بھرپور جوش سے ملک بھر سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔اس درمیان پی ٹی آئی نے اپنا آج کا احتجاج پیر تک موخر کردینے کا اعلان کیا ہے۔