Aug ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کی درخواست پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس کل منعقد ہو گا

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا ہے جو اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران کی درخواست پر ہو رہا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار ایران کی درخواست پر ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس رپورٹ کے مطابق سنیٹر اسحاق ڈار او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں غزہ کے حالات اور غاصب اسرائيلی حکومت کی جارحیتوں کے بارے میں اسلام آباد حکومت کا موقف بیان کریں گے۔ اس حوالے سے پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس ایران کی درخواست پر سات اگست کو جدہ میں ہوگا۔

اس بیان کے مطابق پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس اجلاس میں شرکت اور مشرق وسطی کے حالات نیز غزہ کی صورتحال اور صہیونی جارحیتوں کے بارے میں اسلام آباد حکومت کا موقف بیان کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنیچر تین آگست کو ایران کے قائم مقام وزير خارجہ علی باقری کنی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے لئے ایران کی درخواست کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

ٹیگس