پاکستان: صوبے بلوچستان میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچادی
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جہاں مختلف علاقے زیر آب آگئے ہیں اور بارشوں سے ریلوے ٹریک متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع کا دیہاتوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دکی، ہرنائی، جھل مگسی، قلات، سوراب، کوہلو، نوشکی، قلعہ عبداللہ، ژوب، زہری، نوشکی، کچھی اور چمن میں بارشیں جاری ہیں۔ ضلع جھل مگسی میں بارش کے باعث گنداخہ تا نوتال ایم 8 شاہراہ ٹریفک کے لیے معطل ہو گیا جبکہ ضلع کوہلو میں بارشوں کے باعث کوہلو کا سبی اور کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ اسی طرح ضلع قلات میں بارشوں سے ضلعی ہیڈ کوارٹر کا بیشتر دیہاتوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوا ہے اور پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ضلع نوشکی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی تاہم کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چمن کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق طوفانی بارشوں نے چمن میں ہر طرف تباہی مچادی مختلف علاقوں میں کچے مکانات منہدم ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے، لیویز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں کا دورہ کیا گیا اور مشکلات سے دوچار افراد کو امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔