Aug ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان: فیک نیوز پھیلانے والا شخص لاہور میں گرفتار

پاکستان کے شہر لاہور میں پولیس نے برطانیہ میں فیک نیوز پھیلا کر ہنگاموں کا سبب بننے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈیفنس کے علاقے سے فرحان آصف نامی ایک فرد کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔ فرحان آصف کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کے لیے کام کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق فرحان آصف پر برطانیہ میں تین بچیوں کے قاتل کی شناخت کی فیک نیوز دینے کا الزام ہے۔ اس فیک نیوز کے باعث برطانیہ میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ سوشل میڈیا پر چینل تھری ناؤ ویب سائٹ نے برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں ڈانس کلب میں چاقو کے حملے میں تین لڑکیوں کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعہ کے بعد یہ فیک نیوز پھیلائی تھی کہ ڈانس کلب میں لڑکیوں پر چاقو سے حملہ کرنے والے والا ایک مسلمان پناہ گزین ہے اور اس کا نام علی الشکاتی ہے۔
اس خبر کے بعد انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے عناصر نے فسادات اور پرتشدد مظاہرے شروع کر دیے تھے۔بعد میں یہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی اور برطانوی میڈیا نے اپنی تحقیقات میں پتہ چلایا کہ چینل تھری ناؤ کے نام سے ویب سائٹ لاہور سے چلائی جا رہی ہے جسے فرحان آصف چلا رہا ہے۔

ٹیگس