پاکستان ميں پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت
اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شرائط کے ساتھ آٹھ ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو آٹھ ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ انتظامیہ کی جانب سے چالیس ہدایات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا گيا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا آج بائیس اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے کہا ہے کہ آٹھ ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرے گی اور جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کریں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لوگ شام چار بجے اکٹھے ہوں گے اور سات بجے جلسہ ختم کرنا ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنوں کو منتشر کریں آٹھ ستمبر کو کارکنوں کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےایک انٹریو میں کہا تھا کہ جلسہ ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔