جاں بحق ہونے والے زائرین کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں + ویڈیو
ایران میں بس حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمی زائرین کو پاکستان منتقل کر دیا گيا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق میتوں اور زخمیوں کو سی ون تھرٹی جہاز کے ذریعے ایران سے پاکستان کے شہر جیکب آباد پہنچایا گیا جہاں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور کمشنر لاڑکانہ غلام مصطفی موجود تھے۔
زائرین کی میتوں کی پاکستان روانگی سے قبل یزد ہوائی اڈے پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں یزد کے گورنر، مقامی حکام، پاکستانی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری اور زائرین کے علاوہ ایران میں مقیم پاکستانی بھی شریک تھے۔
اطلاعات کے مطابق میتوں کے تابوتوں کو پاکستانی اور ایرانی پرچموں میں لپیٹ کر روانہ کیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے یزد کو ڈپٹی گورنر کے ساتھ انتظامات کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں میتوں کی پاکستان روانگی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ ایرانی حکومت کی جانب سے بس حادثے میں زخمی ہونے والے زائرین کا مفت علاج کیا گیا۔ ایرانی حکومت نے زخمی زائرین کے ویزا ایکسپائر ہونے کی صورت میں مکمل صحتیابی تک بغیر ویزا رہائش کی سہولت کی یقین دہانی کرائی ہے۔