Aug ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کا چہلم آج پاکستان و ہندوستان میں منایا جا رہا ہے

حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان اور ہندوستان میں آج مجالس عزا برپا ہو رہی ہیں اور ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان میں حضرت محمد مصطفی (ص) کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک بھر سے علم اور تعزیوں کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں، نوحہ خوانی اور ماتم برپا کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں کے اطراف کی سڑکیں اور گلیاں کنٹینرز رکھ کر بند کردی گئی ہیں۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ادھر ہندوستان میں بھی آج حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ماتمی جلوس برآمد ہو رہے ہیں اور آج مجالس عزا برپا ہو رہی ہیں۔

واضح رہے کہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کل بروز اتوار حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کا چہلم منایا گیا۔

ٹیگس